ممبئی10؍ اکتوبر(ایس او نیوز؍پریس ریلیز)13/7 ممبئی سلسلہ وار بم دھماکہ معاملے کا سامنا کررہے ملزم زین العابدین کے ساتھ آرتھر روڈ جیل میں ہونے والے مبینہ تشدد کی شکایت خصوصی مکوکا عدالت سے کی جائے گی نیز اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیئے ہائی کورٹ سمیت انسپکٹر جنرل آف پولس (جیل) سے رجوع کیا جائے گا، اس طرح کا بیان آج ملزم کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشدمدنی ) قانون امدا د کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے دی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گذشتہ کل ہی معاملے کی سماعت پر جمعیۃ علماء کے وکیل شاہد ندیم نے خصوصی عدالت کے جج بھوسلے کے روبرو ایک عرضداشت داخل کرکے ملزم کو انڈا سیل (ہائی سیکوریٹی بیرک) سے جنرل وارڈ میں منتقل کیئے جانے والے جیلر کے فیصلہ کو روکنے کی درخواست کی تھی جس پر عدالت نے جیلر آہیر راؤ سے جواب طلب کیا تھا ۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ ماضی میں ہائی سیکوریٹی بیرک میں مقید ملزمین کے ساتھ جنرل وارڈ میں تشدد کیا گیا تھا لہذا ان سب باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اور ملزم کی سیکوریٹی کو یقینی بناتے ہو ئے جیلر کو متنبہ کرنا چاہئے ۔
گلزار اعظم نے کہاکہ انہیں آج دوپہر خبرموصول ہوئی کہ ملزم زین العابدین کے ساتھ آرتھر روڈ جیل میں تشدد کی واردات انجام دی گئی اس کے بعد انہوں نے دفاعی وکلاء عبدالوہاب خان اور شریف شیخ سے رابطہ قائم کرکے معاملے کی تفصیلات سے آگا ہ کیا ۔
گلزار اعظمی نے کہا کہ جلد ہی نچلی عدالت سے معاملے کی غیر جانبدارانہ جانچ اور خاطیوں کے خلاف کارروائی کی عرضداشت داخل کی جائے گی۔